اراکین پارلیمنٹ کے اثاثے جمع کروانے کی آخری تاریخ کا اعلان

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کو اپنے اثاثے اور واجبات جمع کروانے کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق اراکین، ان کے شریکِ حیات اور زیر کفالت بچوں کے اثاثے و واجبات فارم بی کے ذریعے جمع کروانا لازمی ہوگا۔
ترجمان نے واضح کیا کہ اثاثے و واجبات جمع کروانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہ کروانے والے اراکین کے نام یکم جنوری 2026 کو پریس ریلیز کے ذریعے شائع کر دیے جائیں گے تاکہ عوام کو آگاہ کیا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق جو اراکین 15 جنوری 2026 تک اپنے اثاثے جمع نہیں کروائیں گے، ان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔ معطل شدہ اراکین قومی یا صوبائی اسمبلی کی کسی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے، جب تک کہ وہ مطلوبہ دستاویزات جمع نہیں کرواتے۔
الیکشن کمیشن نے مزید خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی رکن غلط معلومات فراہم کرتا ہے تو اس کے خلاف 120 دن کے اندر اندر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ اس عمل کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا اور عوامی نمائندوں کو جواب دہ بنانا ہے۔
















